کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کردیئے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی، جہاں موجود دہشت گرد مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن میں مزید شدت لاتے ہوئے 23 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ 25 ستمبر کو نوشکی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مند میں بھی سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے، اس سے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم افغان پراکسیز کو شدید دھچکا پہنچا ہے، دہشت گردی میں افغان طالبان رجیم کا ملوث ہونا امن کے لیے خطرے کا باعث ہے، اسے بھارت کی جانب سے پشت پناہی اور معاونت حاصل ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے متعدد ٹھکانے کلیئر کیے۔
